افغانستان:پولیس اسٹیشن پر خودکش کار بم دھماکے میں8پولیس اہلکار ہلاک
افغانستان کے صوبے غزنی میں ایک پولیس اسٹیشن پر خودکش کار بم دھماکے میں آٹھ پولیس اہلکار ہلاک اور سات زخمی ہوگئے ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق دھماکہ اس وقت کیاگیا جب صوبائی دارالحکومت غزنی سٹی سے تقریباً چھ کلومیٹر دور اسفندی کے علاقے میں بارودی مواد سے بھری ایک چوری شدہ فوجی گاڑی کو پراونشل ریزرو پولیس فورس اسٹیشن سے ٹکرادیا گیا۔ ادھر دارالحکومت کابل میں سلسلہ وار بم دھماکوں میں ایک شخص ہلاک اور متعددزخمی ہوگئے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق پہلا دھماکہ پولیس ڈسٹرکٹ فائیو میں مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے سات بجے ہوا جہاں ایک چلتی بس کو بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ بم کا نشانہ بننے والی بس برہان الدین ربانی ایجوکیشن یونیورسٹی کے لیکچراز اور عملے کے ارکان کو لے جارہی تھی۔ دوسرا اور تیسرا دھماکہ اس وقت ہوا جب پولیس، امدادی ٹیمیں عوام اور صحافی جائے وقوعہ پر پہنچے۔ تاحال کسی گروپ نے دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔