آئندہ بجٹ میں احساس پروگرام کے تحت سماجی تحفظ کیلئے رقم دگنی کر دی جائے گی،معاون خصوصی ثانیہ نشتر
سماجی بہبود کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ پسماندہ علاقوں کوقومی دھارے میں لانے کے لئے احساس پروگرام اہمیت کا حامل ہے۔ آج (اتوار) اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام ریاست مدینہ کے اصولوں کو مد نظر رکھ کر تشکیل دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے بجٹ میں سماجی تحفظ کیلئے رقم دگنی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام سے مستفید ہونے والوں کیلئے ملک گیر سروے جاری ہے۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ کنٹریکٹ دینے میں شفافیت یقینی بنائی جائے گی۔بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں مربوط اصلاحات لائی جارہی ہیں اور آئندہ سال اکتوبر تک ادائیگی کا نیا طریقہ کار متعارف کرادیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مالی خواندگی بڑھانے کیلئے غریب خواتین کو موبائل فونز دئیے جائیں گے اور ان کے بنک اکاونٹس کھولے جائیں گے۔