پاکستان،امریکہ کا دوطرفہ امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال
پاکستان اور امریکہ کے درمیان وفود کی سطح پر دو روز ہ مشاورتی اجلاس دفتر خارجہ اسلام آباد میں شروع ہوا۔امریکی وفدکی قیادت ایمبیسڈ زلمے خلیل زاد جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری آفتاب کھوکھر کررہے ہیں۔ اجلاس میں دوطرفہ تعلقات ،علاقائی صورتحال اور افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری آفتاب کھوکھر نے کہا کہ پاکستان وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق افغان عمل سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنا ثالثی کردار ادا کرتا رہے گا۔پاکستان نے تمام فریقوں سے کہا کہ وہ خطے میں دہائیوں سے جاری شورش کے خاتمے کے پیش نظر تنازعے کے سیاسی حل کی طرف بڑھیں۔ زلمے خلیل زاد نے خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لئے پاکستان کے کلیدی کردار کو سراہا۔ امریکی وفد محکمہ دفاع اور محکمہ خارجہ کے نمائندوں پر مشتمل ہے جبکہ پاکستان کے وفد میں دفاع اور خارجہ امور کی وزارتوں کے اعلیٰ حکام شامل ہیں۔