عوام کو شش و پنج میں رہنے کی ضرورت نہیں، عید 5 جون کو ہی ہو گی: فواد چوہدری
وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عوام کو شش و پنج کی ضرورت نہیں، عید 5 جون کو ہی ہوگی۔
ایک انٹرویو میں وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عوام کو شش و پنج کی ضرورت نہیں، عید 5 جون کو ہی ہوگی، رویت ہلال کمیٹی بھی یہی فیصلہ کرے گی، اب ٹیکنالوجی اتنی آگے چلی گئی ہے کہ آپ کو حبیب بینک بلڈنگ کی چھت پر چڑھ کر چاند دیکھنے کی ضرورت نہیں ہے, اب موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے کمرے میں بیٹھ کر چاند دیکھا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے عوام کو کسی شش و پنج میں رہنے کی ضرورت نہیں ہے، 5 تاریخ کو ہی عید ہو گی اور رویت ہلال کمیٹی بھی یہی فیصلہ کرے گی، اس کے علاوہ کوئی فیصلہ ہو ہی نہیں سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ چاند کی عمر چونکہ زیادہ ہے اس لیے وہ سب کو دکھائی دیگا اور عید تو اسی دن ہو گی جو ہم نے کہہ دیا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے قمری کلینڈر بھی بنا دیا ہے اور چاند دیکھنے کے حوالے سے ایک ایپ بھی بنا دی ہے اور لوگوں کو یہ آپشن بھی دیدیں گے کہ وہ خود جا کر دیکھیں، جس طریقے سے چاند ہم دکھا سکتے ہیں کوئی اور نہیں دکھا سکتا۔