ہفتہ اور اتوار مکمل لاک ڈاؤن رہے گا تاہم 5 دن کاروبار کی اجازت ہو گی:قومی رابطہ کمیٹی
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اہم اجلاس میں ہفتے میں دو دن مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کورونا وائرس کے پیش نظر اہم فیصلوں پر غور کیا گیا اور صوبوں کی تجاویز کی روشنی میں اہم فیصلے کئے گئے۔ قومی رابطہ کمیٹی اجلاس میں ہفتے میں دو دن مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہفتہ اور اتوار مکمل لاک ڈاؤن رہے گا تاہم 5 دن کاروبار کی اجازت ہو گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کاروباری مراکز شام 7 بجے تک کھل سکیں گے جبکہ وزارت ریلوے 40 ٹرینیں چلا سکے گی۔ وزیراعظم نے قومی رابطہ کمیٹی اجلاس میں ہونے والے ان اہم فیصلوں کی منظوری دے دی ہے۔اس کے علاوہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کا عمل بھی تیز کرنے کا بھی فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بلا تاخیر اوورسیز پاکستانیوں کی واپسی یقینی بنائی جائے گی۔ قومی رابطہ کمیٹی اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بیماری کی روک تھام اور معاش کے مابین توازن برقرار رکھنے کی پالیسی پر عمل پیرا رہیں گے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بعض شعبے معطل رہیں گے۔ کاروباری اداروں اور تجارتی سرگرمیوں کی تجویز کردہ فہرست پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے اتفاق رائے کرتے ہوئے کہا کہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ایس او پیز کو لاگو کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں خصوصاً مزدور طبقے کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لئے خصوصی پروازیں چلائی جائیں گی۔