اداکارہ روبینہ اشرف، سکینہ سموں کوروناوائرس کا شکار
پاکستان کی سینئراورمعروف اداکارہ روبینہ اشرف اور سکینہ سموں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق دونوں اداکاراؤں کی طبیعیت کچھ روز سے خراب تھی اوران میں کورونا کی معمولی علامات ظاہر ہوئیں جس کے بعد دونوں نے کوویڈ 19 کے ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا اور ان کی رپورٹس مثبت آگئیں ۔ دونوں اداکاراؤں نے اپنے آپ کو گھروں میں قرنطینہ کرلیا ہے۔ سکینہ سموں اور روبینہ اشرف کے دیگر اہل خانہ کے ٹیسٹ بھی جلد کروائے جانے کا امکان ہے ۔ ساتھی فنکاروں نے دونوں سینئر اداکاراؤں کی صحت یابی کیلئے دعا کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ اس سے قبل گلوکار ابرار الحق ، ندایاسر اوریاسر نواز ، نویدرضا ،علیزے شاہ اورگلوکار سلمان احمد میں بھی کورونا وائرس کےٹیسٹ مثبت آچکے ہیں ۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ جاری ہے اورگزشتہ 24 گھنٹوں میں 3ہزار 938نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 76 ہزار398 تک جا پہنچی ہے۔ کمانڈ سینٹر کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 78 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جس کے بعد ملک بھر میں اموات کی مجموعی تعداد 1ہزار621تک جا پہنچی ہے ۔