وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی تاجکستان کے صدر سےملاقات, دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال
تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال ہوا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے مابین گہرے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں جو یکساں مذہبی، تہذیبی اور ثقافتی بنیادوں پر استوار ہیں۔ پاکستان، تاجکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پر عزم ہے ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے مابین دو طرفہ تجارتی تعلقات کو بڑھانے اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے وسیع مواقع موجود ہیں۔کاسا 1000 جیسے اہم منصوبوں کی بروقت تکمیل، جنوبی و وسطی ایشیا کے مابین توانائی راہداری کے قیام میں معاون ثابت ہوگی۔وزیر خارجہ نے تاجک صدر کو افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کوششوں اور ان کے ثمرات سے بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، خطے کی تعمیر و ترقی کیلئے افغانستان میں دیرپا امن کو ناگزیر سمجھتا ہے ۔افغانستان میں قیام امن کیلئے تاجکستان کی کوششیں قابل ستائش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔تاجک صدر نے پرتپاک خیر مقدم اور عمدہ میزبانی پر وزیر خارجہ اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔