روس کے صدر کی اپنے کسی اتحادی پر ایٹمی حملے کا جواب ایٹمی ہتھیاروں سے دینے کی دھمکی
روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے روس یا اس کے کسی بھی اتحادی پر ایٹمی حملے کا جواب ایٹمی ہتھیاروں سے دینے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ جدید روسی میزائل دنیا کے کسی بھی کونے تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جن کے سامنے امریکا کا انٹی میزائل سسٹم بھی بے کار ہے۔ روس کے صدر مقام ماسکو میں تقریب سے خطاب کے دوران صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ روس یا اس کے کسی بھی اتحادی پر حملہ روس پر حملہ تصور کیا جائے گا اور اس کا ردعمل بھی فوری اور شدید تر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں ایک اور سرد جنگ کی راہ پر گامزن ہیں، جدید روسی ایٹمی میزائل دنیا کے کسی بھی کونے تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جن کے سامنے امریکی انٹی میزائل سسٹم بھی بے کار ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ امریکا نے نئی ایٹمی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے ایٹمی صلاحیت میں اضافے کا اعلان کیا تھا۔