پاک بھارت مسائل کا واحد راستہ مذاکرات ہیں:شاہ محمود قریشی
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تمام مسائل کے حل میں پیشرفت کا واحد راستہ مذاکرات ہیں۔انہوں نے بی بی سی کو ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستان کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن و استحکام کا خواہشمند ہے کیونکہ جنگ دونوں ایٹمی طاقتوں کے لئے خودکشی کے مترادف ہو گی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہماری پالیسی انتہائی واضح ہے اور ہم اپنی سرزمین بھارت سمیت کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لئے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کی بھاری جانی و مالی قیمت چکائی ہے اور ہم جانتے ہیں کہ یہ ناسور کتنا مہلک ہے۔وزیر خارجہ نے سوال کیا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر خاموش تماشائی کیوں بنی ہوئی ہے جہاں بے گناہ کشمیری بھارتی فورسز کے وحشیانہ قتل عام اور ظلم و تشدد کا نشانہ بن رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے مخالف ہیں خواہ اس میں کوئی بھی فرد، تنظیم یا ملک ملوث ہو۔وزیرخارجہ نے کہا کہ بعض بھارتی ذرائع ابلاغ غیرذمہ دارانہ رویہ اختیار کر کے خطرناک کھیل کا حصہ بن رہے ہیں۔