شہبازشریف کی ای سی ایل سے نام نکلوانے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر
لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کی ای سی ایل سے نام نکلوانے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی ای سی ایل سے نام نکلوانے کے لیے درخواست پر سماعت پیر کو ہوگی۔ جسٹس ملک شہزاد اور جسٹس مرزا وقاص رؤف پرمشتمل بینچ شہبازشریف کی درخواست پرسماعت کرے گا۔ شہبازشریف کی جانب سے درخواست میں وفاقی حکومت، نیب، ایف آئی اے اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ حکومت نے غیرقانونی طور پر نام ای سی ایل میں ڈالا ہے، آئین پاکستان کے تحت نقل وحرکت محدود کرنا غیرقانونی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ ای سی ایل میں نام ڈالنے کے حکومتی نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے۔