بھارت کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ ،2جوانوں سمیت 4افراد شہید ،خاتون سمیت2زخمی

راو لپنڈی :بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 2 جوانوں سمیت 4 افرد شہید اور خاتون سمیت2زخمی ہوگئے پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارت کی چوکیاں تباہ ہو گئیں اور بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق بھارتی فورسز نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی، بھارتی فوج نے گرم چشمہ، تتہ پانی، جنڈروٹ سیکٹرز میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے 2 شہری شہید اور خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے جنہیں کوٹلی ہسپتا ل منتقل کردیا گیا۔دوسری جانب بھارتی فوج کی نکیال سیکٹر پر فائرنگ سے پاک فوج کے 2 جوان بھی شہید ہوئے، شہید ہونے والوں میں حوالدار عبدالرب اورنائیک خرم شامل ہے جبکہ پاک فوج نے منہ توڑ جوابی کارروائی میں بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا، پاکستانی فوج کی کارروائی سے بھارتی چوکیوں اور بھارتی فوجی دستوں کونقصان پہنچا، بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔حوالدار عبد الرب کا تعلق ڈی جی خان سے ہے جبکہ نائیک خرم کا تعلق بھی ڈی جی خان سے ہے ، حوالد ار عبد الرب نے بیوہ اوردوبیٹیاں سوگواران میں چھوڑی ہیں جبکہ شہید خرم نے بیوہ اور ایک بیٹی سوگواروں میں چھوڑی ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت نے تتہ پانی،جندروٹ سیکٹرز میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔پاک فوج نے بروقت جوابی کاروائی کرتے ہوئے بھارتی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج موجودہ صورتحال میں الرٹ ہیں۔