سینیٹ انتخابات میں یوسف رضا گیلانی کی جیت کیلئے پر امید ہیں۔ شاہد خاقان
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پارلیمان سے ہی ایوان بالا کے الیکشن کا طریقہ کار تبدیل کیا جا سکتا ہے، سینیٹ انتخابات ماضی کے طریقہ کار کے مطابق ہونگے، سپریم کورٹ فیصلے کے بعد صدارتی ریفرنس کی حیثیت ختم ہوگئی۔ انہوں نے اسلام آباد میں احتساب عدالت کے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں یوسف رضا گیلانی کی جیت کیلئے پر امید ہیں کیوں کہ حکومتی جماعت کے ارکان بھی مایوس ہوگئے ہیں،ہررکن اسمبلی ملکی حالات کوسامنے رکھ کر ضمیرکے مطابق فیصلہ کریگا،پی ڈی ایم امیدوار کی کامیابی سے پاکستان کی سیاست کو نیا رخ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈسکہ میں 20 پریذائیڈنگ آفیسر اغوا ہوئے جو آج تک نہیں پتا چل سکا کس نے اغوا کیے، جب حکومت خود ووٹ چوری کرنے میں ملوث ہو وہاں انصاف کی کیا توقع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی رائے کا خیر مقدم کرتے ہیں، عدالت نے بھی خفیہ رائے شماری کو برقرار رکھا،دنیابھرمیں رائے شماری خفیہ ہوتی ہے،خفیہ نہ ہوتورائے شماری نہیں ہوتی، سپریم کورٹ نے کہا سینیٹ الیکشن میں شفافیت برقرار رکھی جائے، عدالت کی رائے کے بعد الیکشن کمیشن کا مضبوط کردار سامنے آنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ایل این جی کیس ڈھائی سال گزرنے کے بعدبھی وہیں رکا ہوا ہے۔30دن میں کیس کا فیصلہ ہونا تھا لیکن کیس ابھی تک شروع ہی نہیں ہوا۔