سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کی واپسی، اربوں روپے کا فائدہ

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کی واپسی ہوئی ہے، رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران کاروبار کا آغاز محتاط انداز میں ہوا، صبح دس بجے تک انڈیکس میں 20 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی، تاہم اس دوران سرمایہ کاروں نے متحرک انداز میں ٹریڈنگ میں حصہ لیا جس کے باعث دوپہر بارہ بجے تک انڈیکس میں 376.46 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی۔ ٹریڈنگ کے دوران تیزی کے باعث ایک موقع پر انڈیکس کی 46 ہزار کی نفسیاتی حد بھی بحال ہو گئی تھی تاہم کاروبار کے اختتام پر یہ سطح برقرار نہ رہ سکی۔ اور 100 انڈیکس 370.84 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 45964.27 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ تیزی کے باعث مزید چار حدیں بحال ہو گئیں۔ بحال ہونے والی حدوں میں 45600، 45700، 45800، 45900 کی حدیں شامل ہیں۔ پورے کاروباری روز کے دورن کاروبار میں 0.81 فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور 20 کروڑ 36 لاکھ 48 ہزار 466 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 50 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ سرمایہ کار محتاط انداز اپنائے ہوئے ہیں، ملک میں سیاسی صورتحال کے تناؤ میں کمی آنے کے بعد قوی امکان ہے کہ سٹاک مارکیٹ میں بڑی تیزی کی واپسی ہو سکتی ہے۔