مبینہ بیٹی کی تفصیلات کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے پر عمران خان کی نااہلی کی درخواست پر سماعت

Mar 02, 2023 | 11:41

(وقار عباسی)مبینہ بیٹی کی تفصیلات کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے پر سابق وزیر اعظم عمران خان کی نااہلی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ غلط تفصیلات پر الیکشن کمیشن نے 120 دن میں ایکشن لینا ہوتا ہے ، اگر ایکشن نہیں لیا تو پھر بس نہیں لیا ۔ درخواست کے قابل سماعت ہونے پر تفصیلی دلائل سنیں گے ۔ مبینہ بیٹی ٹیرن وائٹ کی تفصیلات کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے کا الزام۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کی نااہلی کیلئے دائر درخواست پر درخواست گزار کے وکیل کے دلائل۔ عمران خان کے وکیل نے کہا کہ یہ اپنی استدعا سے باہر جارہے ہیں۔ پہلے اپنی درخواست تو پڑھ لیں۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی نااہلی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل دئیے کہ الیکشن کمیشن اس طرح کے معاملے پر دو بار فیصلہ دے چکا ہے ،درخواست گزار کی استدعا ہے کہ عمران خان کو میانوالی کی نشست سے ڈی نوٹی فائی کیا جائے ، وہ پہلے ہی اس نشست سے ڈی نوٹی فائی ہوچکے ہیں۔کووارنٹو ہوتا ہی ایک مخصوص آفس سے متعلق ہے،درخواستگزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ عمران خان ضمنی انتخابات میں سات نشستوں پر کامیاب ہوئے ،الیکشن کمیشن عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کرچکا ہے۔ہم نے ایک نشست نہیں پبلک آفس ہولڈر کی بات کی ہے، کو وارنٹو کسی بھی پبلک آفس سے متعلق ہوسکتا ہے ۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ کووارنٹو کسی بھی آفس سے متعلق تو نہیں ہوتا ۔دیکھنا یہ ہے کہ اگر آپ کے الزامات درست بھی ہوں تو اس کے کیا اثرات ہونگے ۔فیصل واڈا کیس میں الیکشن کمیشن نے تاحیات نااہلی کا فیصلہ سنایا،سپریم کورٹ نے تاحیات نااہلی کے فیصلے کو کالعدم قرار دے کر ایک مدت تک محدود کیا ۔کیس کی سماعت اگلے بدھ تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔آئندہ سماعت پر بھی درخواست گزار کے وکیل کے دلائل جاری رہیں گے

مزیدخبریں