عافیہ کسی کے لئے خطرہ نہیں ، اسے وطن واپس آنے دیا جائے۔فوزیہ صدیقی

عافیہ صدیقی رہائی موومنٹ کی سربراہ ڈاکٹرفوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ عافیہ کسی کے لئے خطرہ نہیں ، اسے وطن واپس آنے دیا جائے۔ یہ بات امریکی اٹارنی اوریوکے ہیومین رائٹس این جی او 3DC کے ڈائریکٹر کلائیوا سٹافورڈاسمتھ نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے ہمراہ ان کی رہائش گاہ پر2 مارچ کو ڈاکٹر عافیہ کی یوم پیدائش کے موقع پر علامتی جیل کی سلاخوں کے پیچھے کیک کاٹنے کی سادہ مگر پروقار تقریب کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں اہلخانہ اور عافیہ موومنٹ کے سپورٹرز نے شرکت کی۔ کلائیو اسمتھ نے کہا کہ عافیہ کی رہائی کی راہ میں جو بھی رکاوٹیں ہیں وہ پاکستان میں ہیں اور انہیں عبور کرنا ہوگا۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے پاکستانی عوام کو متحدہوجائے اور ہمارا ساتھ دے کیونکہ ہم سب مل کر ہی ایسا کرسکتے ہیں۔ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ بہت سے طریقہ ہیں جس کے ذریعہ ڈاکٹر عافیہ کو وطن واپس لایا جاسکتا ہے،جولوگ ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی میں کردار ادا کرسکتے ہیں ہم سب مل کر ان کو اور متعلقہ اداروں کو جگائیں، بیٹیاں رحمت ہوتی ہیں اور اس وقت ملک کو رحمت کی جتنی ضرورت ہے، شاید اس سے قبل کبھی نہیں تھی ۔ انہوں نے کہا کہ عافیہ کسی کے لئے خطرہ نہیں ہے اس لئے اسے وطن واپس آنے دیا جائے۔ انہوںنے قوم سے اپیل کی کہ عافیہ کے یوم پیدائش پر اس کی رہائی کیلئے خصوصی طور پر دعائیں کریں اور ہمارے ساتھ مل کر یوم تجدید عہد منائیں۔ وہ عہد جس کے ذریعے عافیہ کو قوم کی بیٹی بنایا تھا ، عافیہ کی وطن واپسی کیلئے متحد ہوجائیں اور اس عہد کی تجدید کریں۔