پی ڈی ایم والوں سے ہاتھ جوڑ کر کہتے ہیں استعفیٰ دیں اور گھر جائیں: حماد اظہر
سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم نے 11 ماہ میں سب کچھ کر کے دیکھ لیا، آپ کے سامنے ہاتھ جوڑ کر کہتے ہیں استعفیٰ دیں اور گھر جائیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ ایکسپورٹ تباہ ہو چکی ہے، موجودہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام رہی، تحریک انصاف نے اپنے دور میں عوام کو ریلیف فراہم کیا، 5500 ارب روپے قرضوں پر سود ادا کرنا ہے، معیشت کی صورتحال انتہائی خطرناک ہے، ہم بار بار وارننگ دیتے رہے کہ ان سے معیشت نہیں سنبھل رہی، اس سے پہلے بھی یہ معیشت کو 2 مرتبہ تباہ کر چکے۔ سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے مزید کہا کہ اپنے ہی لوگوں کو غیر قانونی طور پر اٹھا کر ہراساں کیا گیا، آج الیکشن کمیشن پوری قوم کے سامنے مذاق بن گیا ہے، عدلیہ کے اندر تفریق پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، کل ہم نے ملک کے ساتھ مذاق دیکھا، وزیر قانون اور اٹارنی جنرل نے غیر ذمہ دارانہ گفتگو کی، ہم عالمی دنیا میں مذاق بن کر رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا آج ملک دیوالیہ ہونے سے بھی آگے کھڑا ہے، پی ٹی آئی کو کچھ کہنے کی ضرورت نہیں سروے کروا کر دیکھ لیا جائے، اسحاق ڈار 4 ماہ آئی ایم ایف کو آنکھیں دیکھاتے رہے، کبھی کہتے ہیں قطر سے پیسے آنے ہیں، کہیں سے کوئی پیسے نہیں آئے، اس وقت ملک کو صاف شفاف مینڈیٹ کی ضرورت ہے، یہ گیمز کھیلنے اور ہراساں کرنے سے استحکام نہیں آئے گا۔