جنوبی کوریا میں نصب امریکی میزائل دفاعی نظام فعال
امریکی فوج نے کہا ہے کہ جنوبی کوریا میں اس کا تھاڈ دفاعی میزائل نظام اب کام کرنے کی حالت میں آ گیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق جنوبی کوریا میں مقیم امریکی فوج کے ایک ترجمان نے کہا کہ تھاڈ اب قابل استعمال ہے اور اس کے پاس شمالی کوریا کے میزائل کو روکنے اور جنوبی کوریا کے دفاع کی صلاحیت ہے۔تاہم امریکی دفاع کے شعبے سے منسلک ایک اہلکار نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ اس نظام کے پاس ابھی صرف بنیادی صلاحیت ہے اور اس میں رواں سال مزید پرزوں کی آمد کے بعد اضافہ ہو سکتا ہے۔تھاڈ کو مرکزی علاقے سیانگجو کے ایک سابق گولف کورس میں گذشتہ ہفتے نصب کیا گیا جبکہ اس کے خلاف مظاہرے بھی ہوئے۔ مقامی افراد کا خیال ہے کہ اس نظام کا وہاں نصب کرنا حملے کو دعوت دینا ہے اور اس کے سبب وہاں کے لوگوں کی زندگی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔