اقتدار کا مزہ بہت خطرناک ہے: شہریار آفریدی
وزیرمملکت برائے سیفران شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ اقتدار کا مزہ بہت خطرناک ہے۔ اداروں اور فوج میں کوئی کرپٹ ہے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ اداروں کو گالی دیں۔اسلام آباد میں ولنٹریر فورس پاکستان یوتھ سوشل میڈیا نیٹ ورک کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ شہریار آفریدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کل بچوں کو بڑے اسکولوں میں پڑھایا جاتا ہے تاکہ بچہ حکمرانی کرے۔انہوں نے کہا کہ اقتدارکا مزہ بہت خطرناک ہے۔ عہدے ملنے سے شیطان حاوی ہونے کی کوشش کرتا ہے۔ دین اسلام امن اور محبت کا مذہب ہے۔شہریار آفریدی نے کہا کہ مسجدوں اور خان قہوں میں دھماکے کروائے گئے۔ پاکستانیوں کی بیٹیوں کو کلچر ایکسچینج پروگرام کے تحت بیرون ملک بلایا گیا، ویڈیوز بنائی گئیں اور ان کو بلیک میل کیا گیا۔وزیر سیفران نے کہا کہ اداروں اور فوج میں کوئی کرپٹ ہے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ اداروں کو گالی دیں۔ مجھے فوج، وزیراعظم، کسی نے عزت نہیں دی، مجھے اللہ نے عزت دی ہے۔