نیب اورمعیشت ساتھ چل سکتے ہیں، کوئی شخص ڈکٹیٹ نہیں کراسکتا: جاوید اقبال
ملتان: چیئرمین قومی احتساب بیورو جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ نیب اور معیشت ساتھ نہیں چل سکتے وہ غلط کہتے ہیں، نیب اور معیشت ساتھ چل سکتے ہیں اور کوئی طاقت نیب کو ڈکٹیٹ نہیں کرسکتی۔ ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ بدعنوان عناصر کے خلاف قانون ضرور حرکت میں آئے گا اور جو لوٹ مار کرے گا اسے نیب کی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیب اور کرپشن ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، ان دنوں بہت سے سقراط اور بقراط پیدا ہوگئے ہیں جنہوں نے نیب کا قانون ہی نہیں پڑھا، نیب کالا قانون ہوتا تو سپریم کورٹ اسے ختم کردیتی، یہ ان لوگوں کے لیے کالا ضرور ہے جو ڈکیتیوں میں مصروف ہیں۔ جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا نیب قانون کسی اور پر لاگو ہو تو ٹھیک اور جب آپ پر آئے تو یہ کالا ہو جاتا ہے، جب تک نیب موجود ہے وہ اس قانون کے مطابق فرائض انجام دیتا رہے گا۔