شمالی کورین سربراہ 20 دن بعد عوام میں دیکھے گئے، موت کی افواہیں دم توڑ گئیں
کم جونگ اُن کی موت سے متعلق تمام افواہیں دم تور گئیں، شمالی کوریا کے سربراہ 20 دن بعد پہلی مرتبہ عوام میں دیکھے گئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کے ڈکٹیٹر کم جونگ اُن بیس دن بعد عوام میں نکل آئے، انھوں نے ایک فرٹیلائزر پلانٹ کا فیتہ کاٹا، بہن بھی ان کے ہمراہ تھیں، جن کے بارے میں کہا جا رہا تھا کہ بھائی کی موت کے بعد انھوں نے اقتدار سنبھال لیا ہے۔ کم جونگ اُن کے سامنے آنے سے ان کی موت سے متعلق تمام افواہیں دم توڑ گئی ہیں، انھوں نے جنوبی پیانگن کے شہر سنچن میں ایک فرٹیلائزر فیکٹری کا فیتہ کاٹا، ریاستی میڈیا نے اس تقریب کی تصاویر بھی جاری کیں، جن میں کِم ساتھیوں کے ساتھ مسکراتے ہوئے بات کرتے نظر آتے ہیں، تاہم دیگر میڈیا کا کہنا ہے کہ ان تصاویر کی صداقت کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔کورین سینٹرل نیوز ایجنسی کے مطابق اس موقع پر کئی سینئر شمالی کورین عہدے داروں سمیت چھوٹی بہن کم یو جونگ بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ یاد رہے کہ کم جونگ اُن کی صحت سے متعلق اس وقت افواہیں گردش کرنے لگی تھیں جب 15 اپریل کو وہ ریاست کے بانی کِم اِل سَنگ کے یوم پیدایش کی تقریبات میں شریک نہیں ہوئے۔ وہ ہر سال اپنے دادا کے مقبرے پر ضرور حاضری دیا کرتے تھے، اس سے قبل آخری مرتبہ وہ 11 اپریل کوورکرز پارٹی کی ایک تقریب میں شریک ہوئے تھے۔