پی پی 84 خوشاب میں ضمنی انتخاب کیلئے تمام تیاریاں مکمل
صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 84 خوشاب میں5مئی کو ہونیوالے ضمنی انتخاب کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں، پولنگ اسٹیشن پر سے نتائج اور پولنگ ریکارڈ ریٹرننگ افسر تک پہنچانے کیلئے ہر پریذائیڈنگ افسر کیساتھ پولیس اور رینجرز کی مناسب نفری تعینات ہو گی ، ہر پولنگ سٹیشن کا پولنگ ریکارڈ بحفاظت ریٹرننگ افسر کے دفتر پہنچانے کیلئے انتظامیہ کا ایک فوکل پرسن بھی ہمراہ ہوگا۔الیکشن کمیشن کے مطابق پی پی 84 میں خورشید عالم کو بطور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور شکیل احمد کو بطور ریٹرننگ آفیسر تعینات کیا گیا ، انتخابی میدان میں 9 امیدوار الیکشن لڑیں گے۔پاکستان تحریک انصاف کے علی حسین خان ، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے محمد معظم شیر ، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے غلام حبیب احمد میدان میں ہیں جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے حافظ محمد اصغر علی انتخاب میں حصہ لیں گے۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ آزاد امیدوار امجد رضا، اورنگزیب، عمران حیدر خان اور محمد الیاس خان بھی میدان میں ہیں۔پی پی 84 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 2لاکھ 92 ہزار 687ہے، ایک لاکھ 55ہزار ایک 400 مرد ووٹر ہیں جبکہ ایک لاکھ 37ہزار 583خواتین ووٹرز ہیں۔حلقے میں کل 229پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے جن میں سے 27 مردانہ پولنگ اسٹیشنز، 26خواتین پولنگ اسٹیشنز اور 176 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز ہونگے۔تمام پولنگ اسٹیشنز کو GIS کے ذریعے جیو ٹیگ کیا گیا ہے، انتخابی عملہ میں 229پریذائیڈنگ آفیسرز، 666 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسراور 666پولنگ آفیسرز تعینات کئے گئے ہیں۔پی پی 84 میں 14پولنگ سٹیشنز انتہائی حساس قرار جبکہ 43 حساس اور 172نارمل پولنگ اسٹیشنز ہیں۔حلقے میں 2800سے زائدپولیس اہلکاران جبکہ500 سے زائد رینجرز کے جوان تعینات کئے گئے ہیں، تمام حساس پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔پی پی 84 میں پولنگ سٹیشن پرسے نتائج اور پولنگ ریکارڈریٹرننگ افسر تک پہنچانے کیلئے ہر پریذائیڈنگ افسر کیساتھ پولیس اور رینجرز کی مناسب نفری تعینات کی گئی ۔ہر پولنگ سٹیشن کا پولنگ ریکارڈ بحفاظت ریٹرننگ افسر کے دفتر پہنچانے کیلئے انتظامیہ کا ایک فوکل پرسن بھی ہمراہ ہوگا۔