اعتکاف گھر پر ہی کریں، عوام کی زندگی ہمارے لیے اہم ہے : وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ اس بار لوگ اعتکاف گھر پر ہی کریں، ہمارے لیے عوام کی زندگی اہم ہے۔صوبائی وزیر صحت کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 50 سال سے زائد عمر کے افراد کی بھی واک ان ویکسینیشن شروع کر دی ہے، تحمل مزاجی بھی ہونی چاہیے، لوگ ناراض ہوتے ہیں، انتظار نہیں کرتے، صبح کے وقت جب رش ہوتا ہے تو لوگ ناراضگی کا اظہار کرنے لگتے ہیں، ہم تو کسی بھی قسم کا وی آئی پی کلچر پروموٹ نہیں کر رہے، پرائیویٹ سیکٹر میں ویکسین پر کسی قسم کی پابندی نہیں ہے۔ا نہوں نے کہا کہ ہم چین کی حکومت کے بہت شکر گزار ہیں، ہمیں تین کروڑ ویکسین کی کمٹمنٹ آ گئی ہے، آپ ہمسایہ ملک دیکھیں اور پاکستان کا حال دیکھیں، ہمیں روزانہ شکرانے کے نفل پڑھنے چاہئیں، اللہ تعالی کی بڑی رحمت ہے کہ مریضوں کی تعداد سنبھلی ہوئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ افطاری کے بعد سحری تک سب کچھ بندکرنیکا بہت بڑا فائدہ ہوا ہے، لاہور میں ہمارا لاک ڈان سب سے موثر رہا ہے، جتنے مریض آ رہے ہیں اتنے صحت مند ہو کر جا رہے ہیں۔ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ لاہور میں کیسز کی شرح 30 فیصد سے کم ہو کر 18 فیصد پر آگئی ہے، اگر سختی سے ایس او پیز پر عمل کریں تو مزید بہتری آسکتی ہے۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ آکسیجن کی طلب کا اس وقت کوئی مسئلہ نہیں ہے، کابینہ کمیٹی نے اجازت دی ہے کہ اسپتالوں میں آکسیجن جنریٹر لگا سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ ہفتے اوسطا 55000 ہزار ویکسین روزانہ کی بنیاد پر لگائی گئیں، ہمیں اس مہینے میں 20 لاکھ مزید ویکسین مل جائے گی، موجودہ چائینیز ویکسین دنیا میں سب زیادہ سے کامیاب ہے۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ صرف ایک مریض میں برازیل اور ایک میں جنوبی افریقا کا وائرس پایا گیا ہے۔وزیر صحت پنجاب کا کہنا تھا کہ 7 نئے ویکسینیشن سینٹرز کا اضافہ کر رہے ہیں، لاہور میں تین نئے ویکسینیشن سینٹر بنا رہے ہیں، ویکسین کی 3 کروڑ ڈوزز کا آرڈر ہو چکا ہے، وہ ساتھ ساتھ ملتی رہیں گی، ہم نے جو ویکسین منگوائی ہیں تمام موثر ہیں۔اعتکاف سے متعلق سوال پر ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ اعتکاف لوگ گھر پر ہی کریں، عید پر کوشش ہے کہ ایس او پیز پر سختی سے عمل ہو، عوام کی زندگی ہمارے لیے اہم ہے۔ان کا کہنا تھا یہ کونسا وقت ہے کہ عید کی خوشیاں منائیں، عید سادگی سے منائیں اور اللہ تعالی سے دعا کریں کہ وہ ہمیں اس صورتحال سے جلد از جلد نکالے۔