بابر اعظم کو غلاف کعبہ کی تیاری میں حصہ لینے کا شرف حاصل ہوگیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو غلاف کعبہ (کسوہ) کی تیاری میں حصہ لینے کا شرف حاصل ہوگیا ہے۔ بابر اعظم نے غلاف کعبہ (کسوہ) کی تیاری میں حصہ لینے کی ویڈیو سوشل میڈیا کی تصویر و ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بابر اعظم کسوہ کی تیاری میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں جبکہ اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’اس عظیم اعزاز کو حاصل کرنے پر اللہ کا شکر گزار ہوں‘۔ واضح رہے کہ قومی ٹیم کے کپتان ان دنوں سعودیہ عرب میں موجو ہیں جبکہ اس موقع پر انہوں نے عمرے کی سعادت بھی حاصل کی ہے۔اس سے قبل انہوں نے عمرے کی ادائیگی کے بعد کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی جس میں انہوں نے اپنا سر منڈوایا ہوا تھا۔یاد رہے کہ رواں سال بابر اعظم سمیت پاکستان کے کئی نامور کرکٹرز اور شوبز شخصیات سمیت رہنماؤں نے عمرے کی سعادت حاصل کی ہے۔خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث سعودی حکومت نے دو سالوں سے غیر ملکی عازمین حج اور عمرہ زائرین پر پابندی عائد کررکھی تھی۔پابندی ہٹائے جانے کے بعد دنیا بھر سے لاکھوں لوگوں نے اس سال رمضان المبارک میں عمرے کیا ادائیگی کی ہے جبکہ سعودی حکومت نے اس سال 10 لاکھ عازمین حج کی میزبانی کا بھی اعلان کررکھا ہے۔