گرفتار شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

مسجد نبوی ﷺ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شیخ راشد شفیق کو اٹک کی ضلعی عدالت میں جوڈیشل مجسٹریٹ جمال محمود کے سامنے پیش کیا گیا، جس پر جمال محمود نے شیخ راشد شفیق کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں عید کے دوسرے دن دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔اس موقع پر عدالت کے اندر اور اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز مسجد نبوی ﷺ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ فیصل آباد پولیس نے اسلام آباد ایئرپورٹ سے شیخ راشد شفیق کو گرفتار کیا جبکہ یہ عمرے سے واپسی پر اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچے تھے۔تھانہ مدینہ ٹاؤن میں سابق وزیراعظم عمران خان سمیت 16 نامزد اور 150 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج ہے۔محمد نعیم نامی شہری کی درخواست پر مقدمہ درج کیا گیا جس میں توہین رسالت کی دفعات سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔خیال رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی کابینہ کے اراکین کے مدینہ منورہ پہنچنے پر مسجد نبوی ﷺ میں کچھ افراد نے حکومتی وفد کو گھیر کر ان کے خلاف نعرے بازی کی تھی جبکہ اسی دوران وفاقی وزیر برائے نارکوٹکس شاہ زین بگٹی کے بال بھی نوچے گئے تھے۔