ملک بھر میں داؤدی بوہری برادری آج عید الفطر منارہی ہے۔
کراچی سمیت ملک بھر میں داؤدی بوہری برادری آج عید الفطر منارہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق داؤدی بوہری جماعت سے تعلق رکھنے والے آج عید الفطر منارہے ہیں، صدر کی طاہری مسجد میں بوہرا برادری کی جانب سے عیدالفطر کی نماز ادا کی جارہی ہے۔کراچی کے علاقے صدر میں بوہری جماعت خانے میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد بوہری برادری نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔پولیس کا کہنا ہے کہ داؤدی بوہری برادری کیلئے عید کی نماز پر سیکیورٹی کے خاص انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ بوہری جماعت خانے کی طرف جانے والی سڑک کو دونوں جانب سے بند کر دیا گیا تھا۔دوسری جانب خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے دیگر اضلاع میں سرکاری سطح پر عید الفطر مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ آج منائی جارہی ہے۔علاوہ ازیں جنوبی وزیرستان کے تمام علاقوں میں بھی عیدالفطر کی نماز ادا کی گئی جبکہ بنوں، نوشہرہ، صوابی، ٹانک اور مردان سمیت صوبے کے تمام شہروں میں عید منائی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ ہزارہ ڈویژن میں عید الفطر کل بروز منگل منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔