موسم کی تبدیلی کے باوجود ڈینگی کا وار جاری، لاہور میں مزید دو افراد کی جان لے لی ۔

پنجاب بالخصوص لاہور میں ڈینگی نے بیس ہزار کے قریب افراد کو اپنے شکنجے میں جکڑرکھا ہےاور صوبائی حکومت کے تمام تر اقدامات کے باوجود جان لیوا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ آج لاہور کے میو ہسپتال میں ڈینگی فیور میں مبتلاکھوکھر ٹاؤن کی تیس سالہ نزہت جان کی بازی ہار گئی۔ جبکہ جناح ہسپتال میں اوکاڑہ کا تیس سالہ اختر حسین چل بسا۔ادھرفیصل آباد، گوجرانوالہ،ملتان اور دیگر شہروں میں بھی ڈینگی کے نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ دوسری جانب لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت ڈینگی کے تدارک کے لیے ایمر جنسی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئےوزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے سے ڈینگی کے خاتمے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری ہیںجن کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی ٹیمیں فیصل آباد اور راولپنڈی بھی بھیجی گئی ہیں۔ شہباز شریف نے رجسٹرڈ اورمستند ہومیوپیتھک ڈاکٹروں اور حکیموں کے کوائف تین روز میں طلب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں اور نرسوں کوٹریننگ کے لیے سری لنکا،تھائی لینڈ،سنگا پور اور انڈونیشیا بھیجا جائے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ گزشتہ روز دوسو اڑتیس ڈاکٹرز اور نرسز کو ٹریننگ دی گئی جبکہ تربیتی پروگرام تین نومبرتک مکمل کرلیاجائے گا۔ سیکرٹری خوراک نے شرکاء کو بتایا کہ خصوصی ٹیمیں ہوٹلوں، ریستورانوں اور دیگر مقامات کا دورہ کرکے صفائی کی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے سیکرٹری خوراک کو ہوٹلوں میں صحت اور صفائی کی سہولتوں کو یقینی بنانے اور خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی ہدایت بھی کی۔