وزیر داخلہ سندھ نے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کی مدت میں ایک ماہ کی توسیع کر دی۔
سندھ کے وزیر داخلہ نے ڈرائیونگ لائسنس کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کی مدت میں ایک ماہ کی توسیع کر دی۔ سہیل انور سیال نے شہریوں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر داخلہ سندھ نے تینوں لائسنس برانچز میں بے ضابطگی اور بے قاعدگی پر تحقیقات کا بھی حکم دے دیا ہے۔ ادھر ناظم آباد برانچ میں درخواست فارم ختم ہو چکے ہیں مگر شہریوں کا رش ختم ہونے میں نہیں آ رہا۔ ٹریفک پولیس حکام کے مطابق روزانہ صرف 100 سے 150 افراد فارم لے کر جاتے تھے لیکن آج ناظم آباد ڈرائیونگ برانچ سے 5ہزار فارم وصول کیے جا چکے ہیں۔ صبح کے وقت ناظم آباد لائسنس برانچ میں شہریوں کے ہجوم کے باعث شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی۔ پولیس اہلکار برانچ روم میں موجود شہریوں پر ٹوٹ پڑے اور اُن پر خوب لاٹھی چارج کیا۔