دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سنائپرز کا کردار بہت اہم ہے: آرمی چیف
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جہلم کے قریب پاک آرمی رائفل ایسوسی ایشن کے چھتیس ویں مقابلے کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ چار ہفتوں تک جاری رہنے والے مقابلے میں اٹھائیس ٹیموں نے حصہ لیا جس میں تینتیس شہریوں سمیت آٹھ سو افراد نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک آرمی ایسوسی ایشن کامقابلہ ملک کا سب سے بڑا شوٹنگ مقابلہ ہے جبکہ ایونٹ میں پاک آرمی، بحریہ،فضائیہ،ایف سی اور پاکستان رینجرز نے حصہ لیا۔ انٹر سروسز فائرنگ چیمپین شپ کے دوران بائیس ایونٹ ہوئے جبکہ چیمپیئن شپ پاک فوج نے جیت لی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے جیتنے والوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔ شرکا سے بات کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سنائپرز کا کردار بہت اہم ہے جبکہ ٹریننگ حاصل کرنا ہر ایک فوجی جوان کی پروفیشنل ترقی میں نہایت اہم ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے مقابلے میں شریک نشانہ بازوں کی مہارت کو سراہا اور ہدایت کی کہ اس طرح کے مقابلوں کا انعقاد کیا جانا چاہیئے جس میں سویلین افراد کی شرکت کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔