آئی جی اسلام آباد جان محمد نے اپنے عہدے پر کام کرنے سے معذرت کرلی
اسلام آباد: وفاقی حکومت کی جانب سے عہدے سے ہٹائے جانے اور سپریم کورٹ کی جانب سے بحال کیے جانے والے انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد جان محمد نے اپنے عہدے پر کام کرنے سے معذرت کرلی۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ آئی جی اسلام آباد کو عہدے سے ہٹانے پر لیے گئے از خود نوٹس کی سماعت کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر اعظم سواتی اور غریب خاندان کے درمیان جھگڑے کے بعد فون کال نہ اٹھانے پر مبینہ طور پر آئی جی اسلام آباد کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ کیس کے فریق وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اعظم سواتی، متاثرہ خاندان، اٹارنی جنرل اور آئی جی اسلام آباد کمرہ عدالت میں موجود ہیں۔ سماعت شروع ہوئی تو آئی جی اسلام آباد جان محمد نے اپنے عہدے پر کام جاری رکھنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان حالات میں کام نہیں کرسکتے اس لیے عدالت سے استدعا ہے تبادلے کے احکامات پر عمل کرنے کی اجازت دی جائے۔