وزیراعظم عمران خان کی چینی صدر سے ملاقات، وفود کی سطح پر مذاکرات
بیجنگ: وزیراعظم عمران خان کی بیجنگ میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات ہوئی، جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس دورے کے دوران پاکستان کو چین سے سی پیک منصوبوں کے لیے 6 ارب ڈالرز کا پیکج جبکہ ڈیڑھ ارب ڈالرز قرضہ ملنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈیڑھ ارب ڈالرز اسٹیٹ بینک میں جمع کرائے جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان رات گئے چین کے سرکاری دورے کے سلسلے میں دارالحکومت بیجنگ پہنچے تھے، جہاں ایئرپورٹ پر چین کے وزیر ٹرانسپورٹ اور پاکستان میں چینی سفیر نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ بیجنگ میں پاکستانی سفیر مسعود خالد بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد عمران خان کا چین کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔