ہیدر ناﺅرٹ کو اقوام متحدہ میں سفیر تعینات کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔ امریکی صدر
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر ناﺅرٹ کو اقوام متحدہ میں سفیر تعینات کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔ وہ بھارتی نژاد نکی ہیلی کی جگہ لیں گی جنہوں نے گذشتہ ماہ کوئی وجہ بتائے بغیر اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ صحافیوں سے گفتگو میں ہیدر ناﺅرٹ بارے سوال کے جواب میں امریکی صدر نے کہا کہ وہ اس عہدے پر تعیناتی کے لئے بہترین امیدوار ہیںاور طویل عرصہ سے ہمارے ساتھ کام کر رہی ہیں اور ان کی بطور سفیر تعیناتی کا حتمی فیصلہ آئندہ ہفتے تک کیا جا سکتا ہے۔ ہیدر ناﺅرٹ امریکی محکمہ خارجہ میں شمولیت سے قبل امریکی ٹی وی چینل فاکس نیوز سے منسلک تھیں۔ انہوں نے موجودہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے علاوہ سابق وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کے ساتھ بھی کام کیا اور مارچ 2018ءسے اکتوبر 2018ءتک انڈر سیکرٹری فار پبلک ڈپلومیسی اینڈ پبلک افیئرز کے طور پر کام کیا۔ امریکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں امریکی سفیر کی حیثیت سے تعنیاتی کے لئے جرمنی، فرانس اور کینیڈا میں تعینات امریکی سفیروں رک گرینل، جیمی میک کورٹ اور کیلی کرافٹ کے نام بھی زیرغور ہیں۔