امریکہ ایران پر پابندیاں عائد کرتے ہوئے دوست ممالک کا خیال رکھے گا۔ جان بولٹن
امریکی مشیر برائے قومی سلامتی جان بولٹن کا کہنا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران سے خام تیل برآمد کرنے پر پابندیاں لگا کر اس کو دباﺅ میں لانا چاہتے ہیں تاہم امریکی انتظامیہ ایسا اقدام کرتے ہوئے ان ملکوں کونقصان نہیں پہنچانا چاہتی جو ایران کی ایسی برآمدات پر انحصار کرتے ہیں۔ترک خبررساں ادارے کے مطابق ہیملٹن سوسائٹی سے اپنے خطاب میں جان بولٹن نے کہا کہ ہم ایران پر زیادہ سے زیادہ دباو ڈالنا چاہتے ہیں لیکن ساتھ ہی اپنے دوست اور اتحادیوں کو بھی متاثر ہونے سے بچانا چاہتے ہیں۔بولٹن کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے حال ہی جغرافیائی طور پر ایران کے قریب چند ایسے ملکوں کا دورہ کیا ہے کہ جو ہماری پابندیوں کو فوری طور پر نافذ العمل نہیں کر سکتے۔تاہم بولٹن نے مزید کہا کہ امریکی پابندیوں کے نتائج ایرانی ریال کی قدر میں روز بروز کمی کی صورت میں دیکھے جا سکتے ہیں جبکہ میں سمجھتا ہوں یہ اہم ہے اور ہمیں اپنی کوششوں میں نرمی نہیں لانی چاہئے۔