مقبوضہ کشمیرمیں کرفیو اور ملٹری لاک ڈاؤن کے تین ماہ مکمل
سری نگر: بھارت کے غاصبانہ قبضے اور ریاستی دہشت گردی نے جنت نظیر وادی کے باسیوں کی زندگی جہنم بنا ڈالی، وادی میں کرفیو اور ملٹری لاک ڈاؤن کو تین ماہ مکمل ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے لگائے گئے بدترین کرفیو کو تین ماہ مکمل ہوگئے، وادی میں قحط کی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔ مقبوضہ وادی میں کاروبار اور تعلیمی ادارے بند پڑے ہیں، کشمیری معیشت ٹھپ ہوچکی اور ہزاروں طلبہ کا مستقبل خطرے میں پڑ چکا ہے۔ ذرائع نقل وحمل اور ہر طرح کے مواصلاتی رابطے منقطع ہیں، کشمیری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ قابض بھارتی فوج نے کشمیریوں کے لیے سانس لینا بھی مشکل کردیا ہے، وادی میں کھانے پینے کی چیزوں، ادویات اور دیگر ضرورت کی اشیاء کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیری رہنماؤں، نوجوانوں سمیت بچے بھی جیلوں میں قید ہیں، تین ماہ سے کشمیریوں کو نماز جمعہ مساجد میں ادا کرنے نہیں دی جا رہی۔