ملک بھر میں عید میلاد النبی کی تیاریاں زوروشور سے جاری
ملک بھر میں عید میلاد النبی کی تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں، چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں اس دن کی مناسبت سے خصوصی سٹالز قائم کردیئے گئے ، لوگوں کی بڑی تعداد نے آرائشی مصنوعات کی خریداری شروع کردی ہے، ماہ ربیع الاول کے آغاز سے ہی کئی شہروں میں نجی و سرکاری عمارات کو خوبصورتی سے سجا دیا گیا ہے۔ عیدمیلاد النبی کی تیاریوں کے حوالے سے نبی آخرالزمان کی تعلیمات کو اجاگر کرنے کےلئے خصوصی تقریبات، پروگرامز منعقد کئے جارہے ہیں۔12 ربیع الاول یو میلاد النبی کو اسلامی کیلینڈر میں خصوصی مقام حاصل ہے۔ ماہ ربیع الاول کے دوران دنیا بھر کے مسلمان ولادت کے جشن کو شایان شان طریقے سے مناتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی عید میلادالنبی کی مناسبت سے خصوصی تقریبات کے اہتمام کی ہدایت کی اور وفاقی حکومت نے وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں آزاد کشمیراور گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبائی حکومتوں کو مراسلہ جاری کیا ہے کہ عید میلاد النبی کو شایان شان طریقے سے منانے کےلئے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے۔ اس موقع پر سیرت کانفرنسز، نعت خوانی اور مضمون نویسی کے مقابلوں سمیت تقریری مقابلوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ عیدمیلادالنبی کی مناسبت سے آرائشی مصنوعات کے ملک بھرمیں خصوصی سٹالز قائم کئے گئے ہیں اور شہریوں کی بڑی تعداد بالخصوص بچے اورنوجوان طبقہ اپنے گھروں، گلی اور محلوں کو سجانے کےلئے بڑی مقدارمیں آرائشی اشیاءکی خریداری کررہی ہے۔