وزیراعظم گلگت بلتستان کو الگ صوبہ بنانے کی بات کو اپنے منشور میں شامل کر کے دکھائیں، بلاول بھٹو

گلگت بلتستان میں ضلع غذر کی تحصیل یاسین میں جلسے میں خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ عوام کو ان کے حقوق دلانے ہیں اور 15 نومبر ہم سب کی جدوجہد کے امتحان کا دن ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارے منشور میں گلگت بلتستان کے سارے مطالبات درج ہیں اور یہ تمام دیگر سیاسی پارٹیوں کے مقابلے میں واحد منشور ہے جس میں آپ کے حقوق کے بارے میں سب کچھ ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے بینظیر بھٹو کا ہر میدان میں ساتھ دیا تھا جس کے نتیجے میں یہاں جمہوریت پروان چڑھی اور لیگل فریم ورک آرڈر پاس کرا کر انتخابات کروائے، یہ صرف ہماری پارٹی کا خاصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جس طرح سندھ میں ہسپتال بنائے بالکل اسی طرح یہاں بھی مفت علاج کے لیے ہسپتال تعمیر کیے جائیں گے۔بلاول بھٹو نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے شہری انتخابی سمجھ بوجھ رکھتے ہیں وہ وفاق کے چھوٹے وعدوں میں نہیں آئیں گے۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم نے انتخابات کے باعث گلگت بلتستان سے متعلق کسی پیکج کا اعلان نہیں کیا۔ عمران خان کو اپنی حکومت کے دو سالوں میں گلگت بلتستان کا خیال پہلے کیوں نہیں آیا؟.چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم گلگت بلتستان کو الگ صوبہ بنانے کی بات کو اپنے منشور میں شامل کر کے دکھائیں۔