عمران خان کے خلاف بینرز لگوانے کے اعتراف پر خرم دستگیر کو گرفتار کیا جائے: فواد چوہدری

سابق وزیر اطلاعات اور رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) فواد چوہدری نے گوجرانوالہ میں عمران خان کے خلاف بینرز لگوانے کے اعتراف پر رہنما مسلم لیگ (ن) خرم دستگیر کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اس بات کا اعتراف کیا جاچکا ہے کہ گوجرانوالہ میں عمران خان کے خلاف لغو اور گھٹیا بینرز رہنما مسلم لیگ (ن) خرم دستگیر نے لگوائے، مشیر داخلہ پنجاب سے میری اس حوالے سے بات نہیں ہوئی لیکن میں حیران ہوں کہ اس اعتراف کے بعد خرم دستگیر کو اب تک گرفتار کیوں نہ کیا گیا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ مذہبی منافرت پر مبنی گھٹیا بینرز لگوانے پر اب تک خرم دستگیر کو گرفتار کرلیا جانا چاہیے تھا اور ان کو جیل میں ہونا چاہیے تھا، میں پنجاب حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ فوری طور پر کارروائی کریں اور بینرز لگوانے کے اعتراف کے بعد خرم دستگیر کو قانونی کارروائی کرکے گرفتار کیا جائے۔