سپریم کورٹ نے 25 مئی کے واقعات پر عمران خان سے جواب طلب کرلیا
سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک کے چیئرمین عمران خان سے 25 مئی کے مارچ کے دوران ہونے والے واقعات اور عدالتی حکم کی مبینہ خلاف ورزی پر تفصیلی جواب طلب کرلیا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ عدالت کے پاس موجود مواد کے مطابق عمران خان کو نوٹس ہونا چاہیے، ہم عمران خان کو وضاحت کا مزید موقع دے رہے ہیں، مقدمے کو کافی احتیاط کے ساتھ چلایا ہے، جو کچھ 25 مئی کے دن ہوا وہ دوبارہ نہیں ہونا چاہیے۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سر براہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی خصوصی بینچ نے وفاقی حکومت کی پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے ’جہاد‘ قرار دیے گئے منظم لانگ مارچ سے روکنے کے لیے عبوری حکم جاری کرنے اور 25 مئی کے عدالتی حکم کی مبینہ خلاف ورزی پر سابق وزیر اعظم کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔بینچ میں چیف جسٹس کے علاوہ جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی شامل ہیں۔