عمران خان کو گرفتاری کے بعد مچھ جیل کی مرچی وارڈ میں رکھا جائے گا: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللّٰہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللّٰہ نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کر کے بلوچستان کی مچھ جیل کی مرچی وارڈ میں رکھا جائے گا اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو سائبر سے متعلق اختیارات پر صحافیوں سے مشاورت کا اعادہ کیا ہے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ جتنا یہ (عمران خان) مجھے یاد کرتا ہے اس کو پتا ہے کہ اگر یہ میرے ہتھے چڑھ گیا تو میں معاف نہیں کروں گا۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ ’اگر کابینہ میری بات پر توجہ دیتی کہ جب یہ 25 مئی کو یہاں سے ناکام ہوکر واپس لوٹا تھا اس وقت اس کو گرفتار کیا جا سکتا تھا اور اگر گرفتار کرلیا جاتا تو یہ فتنہ آج سر نہ اٹھاتا‘۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اس سلسلے میں اختر جان مینگل نے مجھے سے وعدہ لیا ہوا ہے کہ دو بندوں کو جب بھی گرفتار کیا جائے انہیں بلوچستان کی مچھ جیل کی مرچی وارڈ میں رکھا جائے کیونکہ انہیں پتا ہے کہ وہاں سیاست دان ہی بند ہوتے رہے ہیں۔ارشد شریف کو دبئی سے کینیا جانے پر مجبور کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر رانا ثنااللہ نے کہا کہ ارشد شریف کو پاکستان سے کس نے نکالا، کس نے مجبور کیا جب وہ نہیں جا رہے تھے پھر ایک ’تھریٹ الرٹ‘ جاری کروایا گیا اور اس سے انہیں ڈرایا گیا۔