ہانگ کانگ سْپر سکسز: پاکستان سیمی فائنل اور بھارت یو اے ای کے ہاتھوں عبرت ناک شکست کے بعد ایونٹ سے باہر

Nov 02, 2024 | 14:16

ہانگ کانگ سْپر سکسز میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو کواٹرفائنل میچ میں 17 رنز سے ہرا کر  سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔پاکستان  ٹیم نے 6 اوورز میں 3 وکٹ پر 105 رنز بنائے تھے اور جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 106 رنز کا ہدف دیا تھا۔پاکستان کی جانب سے محمد اخلاق نے 16 گیندوں پر 53، حسین طلعت نے 11 گیندوں پر 27 رنز بنائے۔جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم 4 وکٹ پر 88 رنز بنا سکی۔پاکستان کے حسین طلعت نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔واضح رہے کہ ہانگ کانگ سپر سکسز کے سیمی فائنل اور فائنل کل کھیلے جائیں گے۔ دوسری جانب ہانگ کانگ سْپر سکسز کے ایک اور اہم میچ میں متحدہ عرب امارات نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد  ایک رنز سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔ یو اے ای نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 130 رنز بنائے تھے اور بھارت کو جیت کے لیے 131 رنز کا ہدف دیا تھا۔ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 129 رنز بنا سکی اور یوں 1 رن سے ہار کر ایونٹ سے باہر ہو گئی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے بھی ہانگ کانگ سپر سکسز میں بھارت کو آؤٹ کلاس کر دیا تھا۔پاکستان نے بھارت کی جانب سے دیے گئے 120 رنز کا ہدف بغیر کوئی وکٹ گنوائے حاصل کیا تھا۔ 

مزیدخبریں