وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ اسموگ کے تدارک کیلئے سارے اقدامات کرلیے لیکن فضاؤں کو کنٹرول نہیں کیا جاسکتا۔ تفصیلات کے مطابق اسموگ نے لاہور کو دنیاکا آلودہ ترین شہر بنا دیا ، فضائی آلودگی کا انڈیکس جوصبح کےوقت ایک ہزار سڑسٹھ پرٹیکولیٹ میٹر تھا وہ ہوا رخ بدلنےکےبعد کم ہوکردوسوتراسی پرآگیاہے۔ اس کے باوجود لاہور فضائی آلودگی میں دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔ وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسموگ کے تدارک کیلئے سارے اقدامات کرلیے لیکن فضاؤں کو کنٹرول نہیں کیا جاسکتا۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارت سے جو ہوا آرہی ہے آج اس کے باعث آلودگی میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا، انہیں دیوالی پر آتش بازی کرتے ہوئے بھی تھوڑی احتیاط کرنی چاہیے تھی۔ انھوں نے بتایا پنجاب میں اسکولوں کی چھٹیوں کاابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ خیال رہے فضائی آلودگی کے باعث شہری نزلہ زکام اورگلےکی تکلیف میں مبتلا ہورے ہیں اور آنکھوں میں جلن کی شکایات بھی سامنےآرہی ہیں۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو ماسک اور چشمہ پہن کر باہر نکلنے کی ہدایت کی ہے۔
اسموگ کے تدارک کیلئے سارے اقدامات کرلیے لیکن فضاؤں کو کنٹرول نہیں کیا جاسکتا،عظمیٰ بخاری
Nov 02, 2024 | 19:19