قاتل ڈینگی نے لاہورمیں تین خواتین سمیت مزید نو افراد کی جان لے لی ہےجس کے بعد ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک سو چونتیس ہوگئی
پنجاب بالخصوص لاہورمیں جان لیوا ڈینگی وائرس کے خوف نے لوگوں کی نیندیں اڑادی ہیں۔ ڈینگی کے کیسز میں روز بروز اضافہ ہورہا اورپنجاب میں متاثرہ افراد کی تعداد باری ہزار آٹھ سو چھیالیس تک پہنچ گئی ہے۔ سروسز ہسپتال لاہور میں رائے ونڈ کی چالیس سالہ ریحانہ اور باغبانپورہ کی ساٹھ سالہ رشیدہ ڈینگی فیور کے باعث جاں بحق ہوگئیں۔ لاہورکےمیوہسپتال میں ڈینگی فیورمیں مبتلا مغلپورہ کی چھبیس سالہ کرن اور شیخوپورہ کا چالیس سالہ بابربھی دم توڑ گئے۔ ادھر تاندلیانوالہ میں بیس سالہ نوجوان بروقت تشخیص نہ ہونے پر چل بسا۔ جس کے بعد پنجاب بھر میں ڈینگی سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک سو اٹھائیس ہوگئی ہے۔دوسری جانب ہسپتالوں میں رش اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ لوگ برآمدوں میں بینچوں پر لیٹے ہوئے ہیں جبکہ بڑھتی ہوئی طلب کی وجہ سے پلیٹ لٹ کٹس کی شدید قلت ہے اور عوام مہنگے داموں خریدنے پرمجبور ہیں۔ دوسری طرف سری لنکن ماہرین کی ٹیم کی وطن واپسی کے بعد بیس رکنی انڈونییشین ماہرین کی ٹیم لاہور پہنچ گئی ہے۔ انڈونیشین ٹیم پاکستانی ڈاکٹروں کے ساتھ مل کر ڈینگی کی روک تھام کے لیے اقدامات کرے گی۔