پاکستان سپر لیگ شروع ہونے سے پہلے ہی مشکلات کا شکار ہوگئی اور لیگ کے آرگنائزر نجم سیٹھی کے دعوے کھوکھلے ثابت ہونے لگے۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق انگلش کھلاڑی کیون پیٹرسن نے کم معاوضے پر پی ایس ایل کھیلنے سے معذرت کرلی۔ کیون پیٹرسن نے پاکستان سپر لیگ میں شرکت کرنے کے لیے تین کروڑ روپے معاوضہ مانگا جبکہ پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے کیون پیٹرسن کو زیادہ سے زیادہ ایک کروڑ پچاس لاکھ روپے کی پیشکش کی گئی۔ جس کے بعد کم معاوضے کی پیشکش انگلش سٹار آل راؤنڈر نے ٹھکرا دی۔ جبکہ اسی طرح چھکوں کی مشین ویسٹ انڈین کھلاڑی کرس گیل بھی محدود معاوضے میں کھیلنے پر راضی نہ ہوئے۔
پاکستان سپرلیگ میں پانچ کیٹگریز پلاٹینم، ڈائمنڈ، گولڈ، سلور اور ایمرجنگ رکھی گئی ہیں۔ پلاٹینم کیٹگری میں ایک کھلاڑی کو ایک کروڑ چالیس لاکھ روپے کی رقم دی جائے گی جبکہ ڈائمنڈ کیٹگری کے کھلاڑیوں کو لیگ کھیلنے کا ستر لاکھ روپے معاوضہ ملے گا۔ پی ایس ایل گولڈ کیٹگری میں آنے والے کھلاڑیوں کو پچاس لاکھ روپے معاضہ ملے گا جبکہ سلور کیٹگری کے کھلاڑیوں کو سپرلیگ کھیلنے کے لئے چالیس لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔
پاکستان سپر لیگ کو پہلا دھچکا
Oct 02, 2015 | 18:18