سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری کردہ اپنے بیان میں سابق صدر اور آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ پرویز مشرف نے کہا کہ امریکی صحافی کا بیان صرف اور صرف جھوٹ کا پلندہ ہے۔ پرویز مشرف نے کہا کہ وہ مارک سیگل کے اس دعوے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں کہ انہوں نے بے نظیر بھٹو کو دھمکی آمیز کال کی۔ پرویز مشرف نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بے نظیر بھٹو سے متحدہ عرب امارات میں دو بار ملاقات کے علاوہ صرف ایک بار فون پر بات کی ۔ اور ان کی فون پر ہونے والی یہ گفتگو محترمہ کی اکتوبر دو ہزار سات میں پاکستان واپسی کے بعد ہوئی۔ سابق صدر مشرف نے کہا کہ کہا کہ اس گفتگو میں انہوں نے بے نظیر بھٹو کو ان سکیورٹی خدشات سے آگاہ کیا جس کا علم انہیں یو اے ای کی لیڈر شپ نے دی تھی۔ پرویز مشرف نے مارک سیگل کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ان کا بیان بدنیتی، بناوٹی اور اس میں صرف جھوٹ ہی جھوٹ ہے جبکہ مخالفین مارک سیگل کے بیان کو پاکستان کےخلاف استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ مارک سیگل اگر سچے تھے تو اپنی زیر ادارت چھپنے والی بینظیر کی کتاب میں ذکر کیوں نہ کیا۔ سابق صدر نے کہا کہ اگر بے نظیر کو ان سے خطرہ ہوتا تو وہ ان سے سکیورٹی کیوں مانگتیں؟ اپنے بیان میں پرویز مشرف نے امید ظاہر کی کہ سچ سب کے سامنے آئے گا اور انصاف کے تمام تقاضے پورے ہونگے۔
مارک سیگل کا بیان جھوٹا، بناوٹی اور بدنیتی پر مبنی ہے:پرویز مشرف
Oct 02, 2015 | 21:39