جعلی خبروں کی نشاندہی کیلئے بنائے گئے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ کا بھی جعلی اکاؤنٹ بن گیا
وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے گزشتہ روز اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا تھا کہ سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے کا بروقت سرکاری طور پر جواب دینے کے لیے ’فیک نیوز بسٹر‘ (@FakeNews_Buster) کے نام سے ایک اکاؤنٹ بنایا گیا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ اکاؤنٹ ان کی ہدایت پر بنایا گیا ہے جس کی مدد سے جھوٹی خبروں کا بروقت جواب دیا جائے گا اور ایسی خبریں پھیلانے والوں کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف کارروائی کی بھی درخواست کی جائے گی۔اس سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ سے سب سے پہلے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری کی مبینہ بہن ملیکا بخاری کو ’بینظر انکم سپورٹ پروگرام‘ کی چیئرپرسن بنائے جانے کی خبروں کی تردید کی گئی تھی۔لیکن جناب یہ تو سوشل میڈیا ہے، جہاں کسی کی نہیں چلتی۔ یہی وجہ ہے کہ سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ بنائے جانے کے کچھ ہی گھنٹوں بعد ایک ملتا جلتا جعلی اکاؤنٹ بھی سامنے آگیا، جس پر وزارت اطلاعات کو وضاحت کرنی پڑے گی۔
آج ایک اور ٹوئٹر پیغام میں اس بات کی وضاحت کی گئی کہ @FakeNewsBuster_ جعلی اکاؤنٹ ہے۔ سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ @FakeNews_Buster ہے، لہذا عوام ہوشیار رہیں۔