پنجاب میں تجاوزات اور قبضہ مافیہ کے خلاف گرینڈ آپریشن، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان میں غیر قانونی عمارتیں اور دکانیں مسمار
پنجاب میں تجاوزات اور قبضہ مافیہ کے خلاف گرینڈ آپریشن، لاہور میں ماڈل ٹاؤن، جوہر ٹاؤن، انارکلی، ٹاؤن شپ سمیت متعدد علاقوں میں تجاوزات ختم کر دی گئیں، آپریشن کے دوران کرینوں کے ذریعے سڑکوں اور بازاروں میں غیر قانونی ٹھیلے، دکانیں اور دیواروں گرادی گئیں۔
گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان میں انتظامیہ کا گرینڈ آپریشن جاری ہے ، گوجرانوالہ میں ہونیوالے آپریشن میں ضلعی انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن اور ہائی وے کی مشترکہ ٹیموں نے حصہ لیا۔ چندا قلعہ بائی پاس کے قریب کرینوں کی مدد سے دکانوں اور عمارتوں کو مسمار کیا گیا۔
فیصل آباد میں تجاوزات کے خلاف انتظامیہ نے آپریشن کا آغاز کچہری بازار سے کیا۔ عملہ سڑک پر رکھی تجاوزات کو قبضے میں لیکر ٹرک میں لوڈ کرتا رہا، تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دروان مزاحمت کرنے والے دکانداروں میں سے 3 کو کار سرکار میں مداخلت کرنے پر حراست میں لے لیا گیا۔ ملتان میں ضلعی انتظامیہ نے ممتازآباد، حرم گیٹ، خونی برج، گول مارکیٹ، حسین اگاہی اور گردیزی مارکیٹ کے گردونواح میں آپریشن کیا۔ میونسپل کارپوریشن کے عملے نے کئی تجاوزات کو بلڈوز کرتے ہوئے درجنوں ریڑھیاں بھی تحویل میں لے لیں۔ تاجروں نے آپریشن کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جس سے ضلعی انتظامیہ اور تاجروں کے درمیان شدید تلخ کلامی بھی ہوئی۔