چیئرمین سینیٹ سے جرمن سفیر کی ملاقات، دوطرفہ اقتصادی روابط بڑھانے پر زور
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے جرمنی کے سفیر برن ہارڈ سٹیفن شیلک نے پارلیمنٹ ہاﺅس میں ملاقات کی جس میں دو طرفہ اقتصادی اور پارلیمانی روابط کو مزید بڑھانے کے علاوہ اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، جرمنی پاکستان کو کوالٹی کنٹرول کے شعبوں میں معاونت فراہم کرے اور کوالٹی کنٹرول بہتر ہونے سے پاکستان میں ادوایات اور خوارک کا معیار بہتر ہوگا۔ صادق سنجرانی نے تجارتی روابط کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین تجارتی تعاون کے لئے بھر پور مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ پارلیمانی رابطہ کاری معاشی تعاون میں مددگار ثابت ہو گی۔ دریں اثنا جرمنی کے سفیر نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں اور اس سلسلے میں مختلف شعبوں سے متعلق جرمن وفود جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔