ای کامرس پالیسی کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کا باعث بنے گی: فردوس عاشق اعوان
اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ای کامرس پالیسی پاکستان کی معیشت کو دور حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ای کامرس وزیر اعظم کے وژن کے تحت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے، نوجوانوں اور چھوٹے کاروباری طبقے کی حوصلہ افزائی کی جانب اہم حکومتی قدم ہے۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ای کامرس پالیسی پاکستان کی معیشت کو دور حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرے گی اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کا باعث بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے کاروباری آسانیوں کے نئے افق روشن ہوں گے۔ مالی معاملات کو ڈیجیٹلائز کرنے سے سرمایہ کاری اور صارفین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔