پی آئی اے کی پرواز پر یورپی ادارے کا چھاپہ

کراچی: پی آئی اے کی پرواز پر یورپی سیفٹی ادارے کا چھاپہ، ادارے نے مسافروں کو فراہم کیے جانے والے کھانے اور پلاسٹک کٹلری کے استعمال پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی لاہور سے ابو ظہبی پہنچنے والی پرواز پی کے 263 پر یورپی ادارے سیفٹی اسیسمنٹ آف فارن ایئر کرافٹس (سافا) نے چھاپہ مارا۔ سافا نےطیارے کی مکمل جانچ پڑتال کی، سافا کی ٹیم نے پرواز میں مسافروں کو کھانا فراہم کیے جانے پر تحفظات کا اظہار کیا۔ طیارے میں زیر استعمال پلاسٹک کے چمچ، پلاسٹک کے ٹی کپ اور کھانوں پر پلاسٹک کی ریپنگ پر سافا نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سافا نے پلاسٹک کٹلری کے استعمال پر پی آئی اے کو وارننگ جاری کردی۔ خیال ر ہے کہ سول ایوی ایشن پہلے ہی ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس اور ایئر لائنز میں پلاسٹک کے استعمال پر پابندی عائد کر چکی ہے، پابندی وزیر اعظم عمران خان کی کلین اور گرین مہم کے تحت عائد کی گئی ہے۔