زلزلے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان
مظفر آباد: حکومت نے زلزلے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان کردیا، فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ 5 لاکھ روپے وفاقی حکومت اور 5 لاکھ آزاد کشمیر حکومت دے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان آزاد کشمیر کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پہنچیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کئی گھرانوں کے مستقبل بھی زلزلے کی نذر ہوگئے، پریشانی کی گھڑیاں ہم سب کے لیے امتحان ہیں۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مشکلات کا مقابلہ کرنے والی قوم کے سامنے دکھ اور زخم اہمیت نہیں رکھتے، وزیر اعظم پاکستان نے زلزلہ متاثرین کے دکھ کو محسوس کیا۔ زلزلہ متاثرین کا دکھ اور تمام صورتحال کو خود دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ افراد کے دکھ میں کمی کے لیے حکومت ہر ممکن مدد کرے گی، وزیر اعظم پاکستان کی حکمت عملی ہے کہ آپ کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ ترجیح ہے کہ زلزلہ متاثرین کی گھروں میں واپسی ممکن بنائی جاسکے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے متاثرین کے لیے ریسکیو اور ریلیف میں کردار ادا کیا، حکومت پاکستان آزاد کشمیر حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، تمام چیلنجز کا مقابلہ ایک ساتھ نہیں ہوسکتا، یہ وقت سیاست کا نہیں۔