وزیرخارجہ کا خواتین کے حقوق کے تحفظ اورفروغ بارے پاکستان کے عزم کا اعادہ

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے خواتین کے حقوق کے تحفظ اورفروغ کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیاہے اورعالمی برادری پرزوردیاہے کہ خواتین کے حقوق اورآزادیوں پرکارروائی کے لئے بیجنگ پلیٹ فارم کے تحت مقررکئے جانے والے اہداف کے حصول کے لئے کوششیں تیز کی جائیں۔ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر خواتین کے متعلق چوتھی عالمی کانفرنس کی چھبیسویں سالگرہ کے موقع پرایک اعلیٰ سطح کی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ غربت کے خاتمے کے لئے پاکستان کے احساس پروگرا م کامقصد خواتین کے معیارزندگی کوبلند کرنااورغربت میں کمی لاناہے۔ شاہ محمودقریشی نے کہاکہ ہم نے اقوام متحدہ کے قیام کے وقت سے ہی خواتین کے حقوق کیلئے کام کیاہے ۔انسانی حقوق کے عالمگیراعلامیے کے مسودے کی تیاری کے دوران ہماری معززنمائندہ بیگم شائستہ اکرام اللہ نے اس اعلامیے میں آرٹیکل 16کی شمولیت میں فعال کردار اداکیا۔ وزیرخارجہ نے کہاکہ ہم قانون سازی کے ذریعے خواتین کے خلاف تشدد، گھریلوتشدد، ہراسگی کے معاملات اورسماجی اورجائیدادکے حقوق کے تحفظ کے لئے مسلسل کام کررہے ہیں۔